اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں 45 پولیس جوان اور افسران کورونا وبا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اس وقت 4 رینجرز کے جوانوں کی کورونا رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کئی مشکل فیصلے کیے جن پر عملدرآمد طبی عملے
اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور ٹریفک اہلکار دن رات سڑکوں پر موجود ہیں، بعض شہریوں نے پولیس کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اپنایا، ان جوانوں کا مقصد ہمیں کورونا وبا سے محفوظ رکھنا ہے اور یہ اپنی فیملیز کو چھوڑ کر دن رات سڑکوں اور چوراہوں پر موجود ہیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں 45 پولیس جوان اور افسران کورونا وبا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اس وقت 4 رینجرز کے جوانوں کی کورونا رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے عوام سے اپیل کی کہ خدارا پولیس اور رینجرز کی جوانوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں، کورونا سے نمٹنے کیلئے ملکر جدوجہد کریں اور اپنے گھروں میں رہیں۔خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا سے 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہے۔