اسلام آباد (این این آئی)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نادرا آفس کھولنے کا معاملہ اٹھا دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ نادرا کے دفاتر کھولے جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا
جس میں وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے شرکت کی۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس میں کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کے حصول میں کچھ افراد کو بائیو میٹرک کے مسائل درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ افراد کے یہ انگوٹھے کے نشانات کے مسائل نادرا کے دفاتر کھلنے سے ہی حل ہوں گے۔احساس کیش پروگرام کے حکام کا کہنا ہے کہ نادرا دفاتر کھولنے کی درخواست وزیرِ اعظم عمران خان کو گزشتہ ہفتے بھجوائی گئی تھی۔احساس کیش پروگرام کے حکام نے بتایا کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نادرا دفاتر کھولنے کے حوالے سے نادرا حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔نادرا دفاتر جلد از جلد کھولنے کے لیے بات چیت جاری ہے، جبکہ نادرا دفاتر بروز پیر 27 اپریل کو کھولنے کے لیے کہا گیا تھا۔ادھر وزراتِ داخلہ نادرا کے دفاتر کھولنے کے لیے قواعد و ضوابط کا جائزہ لے رہی ہے۔