کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز2 کی بیکری میں سلنڈر دھماکے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں ڈیفنس فیز 2 کی بیکری میں ہونے والے دھماکے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، دھماکا ہوتے ہی پوری گلی میں مٹی پھیل جاتی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے وقت خوش قسمتی سے کوئی شخص بیکری کے قریب موجود نہیں تھا۔
دھماکے کے بعد لوگوں کو بیکری کے پاس جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں بیکری کے اندر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ پورا علاقہ گونج اٹھا تھا اور اطراف کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، بیکری کے باہر کھڑی گاڑیوں اور نصب پی ایم ٹی کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ددوسری جانب کراچی کے علاقے پرانا گولیمار رحمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ سے چارافراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ آپس میں جھگڑے کے باعث پیش آیا۔کراچی کے علاقے پرانا گولیمار رحمانیہ مسجد کے قریب فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ تین زخمیوں کی شناخت 45 سالہ ناصر، 25 سالہ اورنگزیب، 15 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی جبکہ چوتھے زخمی کی شناخت تاحال نہیں ہوئی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ آپس میں جھگڑے کے باعث پیش آیا۔