اسلام آباد (این این آئی)پمز ہسپتال کے ڈاکٹر کی مستقلی کے معاملہ پر سپریم کورٹ نے پمز ہسپتال کے ڈاکٹر مجاہد رضا کو مستقل اور پمز میں ضم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت درخواست گزار کو گزشتہ دو سال کے واجبات بھی ادا کرے۔ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ درخواست گزار کو مکمل تنخواہ ادا کی جائے،
تنخواہ ادا نہ کی تو نتائج سنگین ہوں گے۔جسٹس قاضی امین نے کہاکہ دو دو سال سے تنخواہ نہیں دے رہے، دو سال سے درخواست گزار کو اللہ کے آسرے پر چھوڑ دیا۔ عدالت نے کہاکہ کیس کے حقائق سے ثابت ہوتا ہے کہ درخواست گزار کی پمز میں تعیناتی قانون کے مطابق ہوئی، پمز ہسپتال میں دیگر ڈاکٹروں کو بھی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کے بغیر مستقل کیا گیا، درخواست گزار نے دس سال پمز ہسپتال میں خدمات سر انجام دی ہیں، درخواست گزار گزشتہ دو سال کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ عدالت نے کہاکہ فریق مخالف کے مطابق درخواست گزار کی سنیارٹی غیر قانونی ہے، درخواست گزار کی سنیارٹی چارج سنبھالنے کی تاریخ سے شروع ہو گی۔درخواست گزار نے سنیارٹی لسٹ میں سے نام نکالنے کا معاملہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔