اسلام آباد (این این آئی)فاٹا سینیٹر مرزامحمد آفریدی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،سینیٹر مرزامحمد آفریدی اپنے گھرمیں آئسولیشن میں چلے گئے۔سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے گزشتہ ہفتے پشاور کے متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم کیا تھا۔ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہاکہ بہتر محسوس کررہا ہوں،ملاقاتی بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی انھیں وائرس سے لڑنے کی طاقت عطا فرمائے۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گورنرسندھ عمران اسماعیل کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں، اللہ تعالی عمران اسماعیل کو وائرس سے لڑنے کی طاقت عطا فرمائے۔یاد رہے گذشتہ روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا، عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میری والدہ آئی تھیں ہم نے مل کر افطار کیا، والدہ کے جانے کے بعد بخار ہوا، جس کے بعد ٹیسٹ کرانے کا سوچا، مجھے رات کو ہی قرنطینہ کرلینا چاہئے تھا تاہم صبح قرنطینہ ہوا ہوں، اپنی والدہ اور گھر والوں کا کرونا ٹیسٹ کراؤں گا۔