اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا قابل تحسین اقدام ،8کروڑ مالیت کی قیمتی زمین 20سال بعد واگزار کروالی گئی،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے چند روز قبل کیے گئے دیپالپور کے دورے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر سید عباس رضا رضوی نے یہ معاملہ اٹھایا کہ کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر نا جائز قبضہ ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے نا صرف ممبر کالونی عرفان سندھو کو اس معاملے کے حوالے سے اوکاڑہ بھجوایا بلکہ ناجائز قابضین سے سرکاری زمینیں واگزار
کروانے کے احکامات بھی جاری کیے۔عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عثمان علی نے تینوں تحصیلوں کی انتظامیہ کو ناجائز قبضے چھڑوانے کی ہدایات جاری کیں، اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور خالد عباس نے بتایا کہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انتظامیہ نے قصبہ شیرگڑھ اور اس سے ملحقہ 23 ڈی میں علی ریاض کرمانی کے زیر قبضہ 21 ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کروالی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 21 ایکڑ میں سے9 ایکڑ اراضی پر گندم کاشت کی ہوئی تھی جو تقریباً 2 سو من بنتی ہے، انتظامیہ نے یہ گندم بھی اپنی تحویل میں لے کر محکمہ خوراک کو جمع کروا دی ہے۔