کراچی(این این آئی)کوروناوائرس اور لاک ڈائون کے دوران اپنے حلقے این اے 249 میں غیر حاضری پر پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو حلقے کے ایک شہری نے نوٹس بھجوا دیا، جبکہ فیصل واوڈا نے اس کو ایک سازش قرار دے دیاہے۔نوٹس سعید آباد کی یو سی30 قومی اسمبلی کے حلقہ 249 کے رہائشی محمد عارف کی جانب سے وکیل کے توسط سے 14 اپریل کو کراچی اور اسلام آباد کے پتوں پر فیصل واوڈا کو بھیجا گیا۔
نوٹس کنندہ کا یو سی 30 میں انصاری جماعت سے تعلق ہے جبکہ انصاری جماعت کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کو انتخابات میں مکمل سپورٹ دی گئی۔نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وبا کی صورتِ حال پر حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کیا گیا، جس کے باعث یوسی 30 میں نادار افراد کے لیے خوراک کی قلت ہوئی اور راشن کی فراہمی کے لیے انصار جماعت کی جانب سے چندہ مہم بھی چلائی گئی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حلقے کے لوگوں کو امید تھی کہ حلقے کے نمائندے عوام کی مدد کریں گے تاہم حلقے کے لوگوں کی مدد کے لیے پی ٹی آئی کا کوئی نمائندہ نہیں آیا۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ ایم این اے بننے کے بعد حلقے سے غائب رہے اور حلقے کا خیال رکھنا آپ کی ذمے داری ہے، تاہم اس وبا کے دوران سندھ حکومت اور ترجمان سندھ حکومت نے ہماری ہر ممکن مدد کی۔نوٹس پر فیصل واوڈا نے موقف دیا ہے کہ انہیں کسی قسم کا کوئی نوٹس نہیں ملا اور میں اپنا کام کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا اور جو سازش کرنا چاہتے ہیں وہ بھی کر کے دیکھ لیں۔