اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی احتساب بیورو(نیب)ترمیمی آرڈیننس پر حکومت سے بات چیت کی تردید کردی۔اتوار کو سینیٹر پی پی شیری رحمن نے اٹھارویں ترمیم اور نیب ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی بات چیت نہیں چل رہی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سے 3 مہینے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، 18ویں ترمیم کو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔پی پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم وفاق کی زنجیر اور پوری پارلیمنٹ کا وقار ہے، اس حوالے سے اپوزیشن سے نہ کوئی بات ہوئی اور نہ ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں ملک کو تقسیم کرنے کی بات کیوں ہو رہی ہے۔شیری رحمن نے یہ بھی کہا کہ 18ویں ترمیم کا اپوزیشن کے ہوتے ہوئے کوئی ایک لفظ بھی تبدیل نہیں کرسکتا۔گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید میڈیا بریفنگ کے دوران کہا تھا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کا فیصلہ 27اپریل کو ہوجائے گا، وفاقی وزرا کی اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت چل رہی ہے۔