اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مولانا طارق جمیل کی جانب سے میڈیا اور اینکرز کو جھوٹا کہنے پر شدید ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، کئی صحافیوں کا کہناہے کہ مولانا طارق جمیل کو میڈیا پر تنقید نہیں کرنا چاہیے تھی، اس موقع پر ایک نجی ٹی وی چینل پر معروف اینکر عمران خان مولانا طارق جمیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں انہوں نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے بہت سارے لوگ جھوٹ بولتے ہیں،
ہم میں کچھ ہیں جو جھوٹ بولتے ہیں اور اس کو سپورٹ کرتے ہیں۔یہ کڑوا ہے،ننگا ہے لیکن یہی سچ ہے۔کیا ہم نے یہاں بیٹھ کر بہت سارے جھوٹوں کو سچا ثابت نہیں کیا۔ ہم میں سے ہر ایک کا اپنا اپنا سچ ہے اور اس سچ کو دوسرا آدمی جھوٹ سمجھتا ہے۔ اینکر عمران خان نے کہاکہ میں ایک سادہ سوال پوچھتا ہوں کہ یہاں ہم طارق جمیل کی شخصیت پر بات چیت کر رہے ہیں، مجھے ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ان کے بیان پر ڈسکس کریں، ایک مولوی کی شخصیت کو ڈسکس کرنے کیا ضرورت ہے، ہم اس پر بات کریں کہ اس آدمی نے کہا کہ میڈیا جھوٹ بولتا ہے تو کیا جب پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا اور ان کو دہشت گردکہا گیا، اور کہا گیا کہ یہ جنگ دہشتگری کے خلاف ہے،تو کیا پوری دنیا کے میڈیا نے یہ جھوٹ نہیں بولا؟ معروف اینکر نے مزید کہا کہ ہم اپنی محفل میں روزانہ یہ نہیں کہتے ہیں کہ مولوی سارے فراڈئیے ہیں،ہم جب آپس میں بیٹھے ہوں گے تو کہیں گے کہ مولوی فراڈئیے ہیں،تو کیا سب مولوی فراڈئیے ہیں۔ایسا نہیں ہے بلکہ بہت تھوڑے سے مولوی ایسے ہوں گے،اسی طرح ہر جگہ اچھے برے لوگ ہوتے ہیں۔میڈیا میں بھی اچھے برے لوگ ہیں، ہم بھی کالی بھیڑیں ہیں، انہوں نے کہا کہ مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان میں معافی مانگتے ہوئے وضاحت کی کہ میڈیا میں سارے لوگ جھوٹے نہیں ہیں۔