اسلام آ باد(آن لائن) پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے پاکستانی عوام کو ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کورونا وائرس کے اس آزمائشی وقت میں چینی حکومت کی طرف سے پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رمضان المبارک کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ
رمضان کے مقدس ماہ کے آغاز پر میں اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں، رمضان مبارک۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی چیلنجنگ وقت ہے اور پوری پاکستانی قوم نوول کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں چینی حکومت، چین کے عوام اور پاکستان میں مقیم چینی کمیونٹی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنے پاکستانی عوام کی ہرممکن مدد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وبا کی روک تھام کے لیے پاکستان حکومت اور عوام کو لاکھوں کی تعداد میں طبی حفاظتی سازوسامان سمیت دیگر اشیا فراہم کی ہیں۔یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے کئی چینی طبی ماہرین پاکستانی طبی عملے کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس نازک مرحلے پر اس مہلک وبا کے خلاف جدوجہد میں پاکستانی حکومت، طبی ماہرین اور عوام کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔چینی سیفر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستانی حکومت اور عوام اس مہلک وائرس کے چیلنج پر جلد قابو پالے گی۔یاؤ جنگ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ میں پوری پاکستانی قوم کو اپنی مخلصانہ اور نیک خواہشات پیش کرنا چاہتا ہوں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوش آئند رمضان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔