کراچی (این این آئی) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے سابق صدر اور معروف اسکن اسپیشلسٹ ڈاکٹر عبد القادر سومرو پیر کے روز انڈس ہسپتال میں انتقال کر گئے ، ڈاکٹر عبد القادر سومرو کرونا کے مریضوں کے علاج میں مصروف تھے اور اسی دوران وہ بھی کرونا سے متاثر ہو ئے اور کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعدپیر کے روز خالقِ حقیقی سے جا ملے ۔
ڈاکٹر عبد القادر سومرو اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم ، پاکستان اسٹیل مل ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسراور فریدہ یعقوب ہسپتال کے ایم ایس رہ چکے ہیں ۔آپ الخدمت اسپتال گلشن حدید کے ایم ایس تھے۔الخدمت اسپتال گلشن حدید میں انہوں نے کورونا متاثرین کے لیے اسپیشل وارڈ بنایا تھاجو کہ تین وینٹی لیٹر کی مدد سے الخدمت گلشن حدید میں کورونا سینٹر فعال ہے۔ڈاکٹر عبدالقادر سومرو یکم فروری 1956 کو سندھ کے ضلع شکارپور میں پیدا ہوئے۔ آپ نے 1981 میں چانڈکا میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کا امتحان پاس کیا۔ زمانہ طالب علمی کے دوران آپ سلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم رہے۔آپ نے شعبہ ڈرماٹولوجی(جلد)میں ڈپلومہ کیا۔ آپ ماہر امراض جلد و بطور فیملی فزیشن کے 38 سال خدمات سر انجام دیں۔آپ ایک انسان دوست مسیحا و سوشل ورکر تھے۔ آپ ڈاکٹرز کی ملک گیر تنظیم پیما کے صوبہ سندھ کے صدر و نائب صدر کی ذمہ داریوں پر فائز رہے۔ آپ اسٹیل ملز کے ہسپتال میں بطور CMO جبکہ گلشن حدید کے ایک بڑے ہسپتال الخدمت فریدہ یعقوب ہسپتال کے سربراہ رہے۔ اسوقت الخدمت ہسپتال تھرپارکر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تھے جبکہ موجودہ نائب صدر الخدمت فاونڈیشن سندھ و سابق جنرل سیکریٹری بھی رہے۔ڈاکٹر عبدالقادر سومرو نے ساری زندگی خلق کی خدمت اور رب کی رضا کی خاطر گزاری، اور اس ہی راہ پر چلتے ہوئے جان جان آفریں کے سپرد کردی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرعبدالقادر کی پچھلے ایک ہفتے سے طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔
ان کا ٹیسٹ کیا گیا تو ان میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ڈاکٹرعبدالقادر کے انتقال کے ساتھ سندھ میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 18ہوگئی ہے۔اس سے قبل کورونا وائرس سے گلگت میں بھی نوجوان ڈاکٹر اسامہ انتقال کرگئے تھے۔ڈاکٹر اسامہ دوران ڈیوٹی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ہسپتال تھرپارکر کے ایم ایس اور الخدمت فانڈیشن سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقادرسومرو مریضوں کا علاج کرتے کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور پیر کو خالق حقیقی سے جا ملے۔
اللہ مغفرت اور قربانی قبول فرمائے۔ آمین دوسری جانب ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 3652 ہوگئی ہے۔ جبکہ آج کورونا سے 5 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے ساتھ ملک میں انتقال کرنے والوں کی تعداد 52 ہوگئی ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عبد القادر سومرو کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امراء برجیس احمد ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، ڈاکٹر واسع شاکر ،راجہ عارف سلطان ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب ،ڈپٹی سیکریٹریز ،راشد قریشی ،حافظ عبدالواحد شیخ، یونس بارائی ،انجینئر عبدالعزیز،عبد الرزاق خان ،نوید علی بیگ ، عبدالرحمن فدا ،سیکریٹر ی اطلاعات زاہد عسکری اوردیگر نے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی مغفرت ،لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مرحوم کی خدمات پر ان کو خراج ِ تحسین پیش کیا ۔