چکوال(این این آئی) قصبہ بوچھال کلاں میں 65سالہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر آدھا گائوں سیل کردیاگیا۔ 65سالہ رضیہ بیگم ایئر پورٹ کالونی راولپنڈی میں رہائش پذیر ہے اور23مارچ کو وہ اپنے بھتیجے وقاص کے انتقال پر تعزیت کیلئے بوچھال کلاں آئی تھی۔
دو روز قیام کرنے کے بعد رضیہ بیگم واپس راولپنڈی چلی گئی تھی،29مارچ کو شدید بخار کی حالت میں اسے پمز ہسپتال اسلام آباد لے جایا گیا، جہاں پر اس کے متعدد ٹیسٹ لیے گئے۔ بدھ کے روز اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے نتیجے میں ضلعی انتظامیہ چکوال کو اس بارے اطلاع دی گئی، بدھ کی سہ پہر کو محکمہ صحت ضلع چکوال ، پاک فوج اور انتظامیہ نے قصبہ بوچھال کلاں پہنچ کر گائوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا اور مساجد میں بھی اعلان کردیاگیا کہ کوئی بھی شخص اپنے گھروں سے باہر نہ نکلے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر کامران کی نگرانی میں رضیہ بیگم کے 49رشتہ داروں کی سکرینگ اور ٹیسٹ کیے گئے جس میں ابتدائی طور پر انہیں کلیئر قرار دیا گیا البتہ سات رشہ داروں کے نمونے مزید ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجوا دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی نے اس موقع پر بتایا کہ رضیہ بیگم راولپنڈی کی رہائشی ہے اور الحمد اللہ ابھی تک ضلع چکوال کورونا فری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ رضیہ بیگم شوہر عدالت خان میں بھی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ جبکہ رضیہ بیگم کی پوتی دو سالہ ارم ظہور میںبھی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور یہ تینوںاسلام آباد میں زیر علاج ہیں۔