اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اور سندھ میں مزید ایک ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 86 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں تین مریض صحتیاب ہوگئے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے آج مزید 2 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی جب کہ مزید 86 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2119 تک جا پہنچی ہے۔ملک میں کورونا وائرس سے
پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔ کورونا وائرس سے بدھ کو پنجاب میں ایک اور ہلاکت ہوئی جس کے بعد صوبے میں وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 10 ہوگئی۔اس کے علاوہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں کورونا سے متاثرہ ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی۔ان کا کہنا تھا کہ 59 سالہ مریض کا تعلق کراچی سے ہے جسے 19 مارچ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ آج انتقال کرگیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والا مریض حال ہی میں سعودی عرب سے واپس آیا تھا جسے دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا تھا۔ایک اور ہلاکت کے بعد سندھ میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ منگل کو پاکستان میں کورونا سے 3 ہلاکتیں ہوئی تھیں جن میں سے سندھ میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک ہلاکت ہوئی۔پاکستان میں اب تک ہونے والی 28 ہلاکتوں میں سے پنجاب میں 10، سندھ 9، خیبرپختونخوا 6، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان ایک ہلاکت ہوئی ہے۔