لاہور( این این آئی ) مانگا منڈی میں نجی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر اپینڈکس کے آپریشن کے دوران مریضہ کی خوراک والی نالی کاٹ ڈالی ،متاثرہ خاندان نے ہسپتال کے عملے کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا ۔متاثرہ شہری اللہ وسایا نے بتایا کہ گزشتہ روز اس کی بیٹی کو اچانک پیٹ میں شدید تکلیف ہوئی جس پر اسے مانگامنڈی میں واقع نجی ہسپتال لایا گیا ۔جہاں ڈاکٹروں نے میری بیٹی کو اپینڈکس کے درد کی تشخیص کر کے آپریشن کر دیا ۔ اس دوران ڈاکٹروں نے
مبینہ طور پر انتہائی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری بیٹی کی خوراک والی نالی کاٹ ڈالی جس سے اسکا پیٹ بھی پھٹ گیااور حالت تشویشناک ہونے پر اسے خود ہی لاہور جناح ہسپتال منتقل کر دیا جہاں میری بیٹی عائشہ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتال کے ڈاکٹروں کے خلاف ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجوع کر رہے ہیں ، ہماری پنجاب حکومت سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے سنگین غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔