اسلام آباد(این این آئی) وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پبلک ڈیلنگ (عوامی رابطے) سے متعلق تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کو دو ہفتوں کے لئے بند کردیا۔ جمعہ کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ
حکومتی فیصلے کے تحت نادرا،پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، سی ڈی اے کے ون ونڈو سمیت تمام ایسے شعبہ جات جہاں عوام کا براہ راست عمل دخل اور ڈیلنگ شامل ہے اسے بھی دو ہفتوں کے لیئے بند کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر 15دنوں کیلئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،پراپرٹی دفاتر، پارلرز اور بیوٹی سیلون بھی بند رہیں گے، شاپنگ مال رات 10بجے بند کردیئے جائیں گے، تاہم عوام کی سہولت کے پیشِ نظر ریستوران، فوڈ آؤٹ لیٹ کھلے رہیں گے جہاں صرف ٹیک اوے (کھانا گھر لے جانے) کی سہولیات میسر رہیں گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نزلہ زکام، بخار یاکسی بیماری میں مبتلا ملازمین گھر سے کام کریں، دفاتر میں ڈے کیئر سینٹرز بند رہیں گے، وہ خواتین اسٹاف اور ملازمین جو کم عمر،نوزائیدہ بچوں کی مائیں ہیں انہیں گھر سے اپنے امور انجام دینے کی اجازت ہے۔پبلک سروس ڈیلیوری کے تمام دفاتر بند رہیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔15 دنوں کیلئے حکومت نے تمام وفاقی دفاترو ملازمین کیلئے احکامات جاری کردئیے ہیں،اہم امور پر تعینات عملہ و افسران اپنی حاضری یقینی بنائیں گے، 50سال یا زائد عمر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔