لاہور/نارروال ( این این آئی )شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ آغا مقدس علی اور سپاہی توصیف کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعدفوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔
نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول حکام ، سیاسی شخصیات، عزیز وا قارب اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شہید لیفٹیننٹ آغا مقدس علی کی نماز جناہ لاہور کے علاقے شاد باغ میں ادا کی گئی جس میں اعلی فوجی، سول افسران ، سیاسی شخصیات ،علاوہ عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوںکے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے سپاہی توصیف کی نماز جنازہ نارروال میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام ، سیاسی شخصیات، عزیز وا قارب اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی ۔