لاہور( این این آئی )سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدارت کا منصب پاکستان کے حوالے کرنے کی تقریب جو مارچ کے آخری ہفتے میں اسلام آباد میں منعقد ہونا تھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ۔ سارک چیمبر کے نامزد صدر افتخار علی ملک مسلسل آٹھ مرتبہ اس کے نائب صدر رہے اور اس وقت سینئر نائب صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ سارک چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر روان ایدیرے سنگھے کا تعلق سری لنکا سے ہے۔ افتخار علی ملک نے
تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سارک چیمبر کی صدارت پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہوگا لیکن کورونا وائرس کی وبا ء سے پیدا ہونے والے غیرمعمولی حالات کی وجہ سے یہ تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کورونا وائرس بہت بڑا خطرہ ہے، یہ وبا ء پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے تاہم یہ بات سارک خطے کے عوام کے لئے خوش آئند ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک اس پھیلائو کو روکنے کیلئے مشترکہ تعاون اور کوششوں کیلئے پر عزم ہیں۔