اسلام آباد(آن لائن) گلگت بلتستان اسمبلی کے دو اراکین کی طرف سے سپریم کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان،وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔گلگت بلتستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع خان اوررکن سمبلی جاوید حسین کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں دائر کردہ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ
وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرکے توھین عدالت کی، سپریم کورٹ نے سترہ جنوری 2019 کو گلگت بلتستان کی عدلیہ میں تقریریوں کے بارے میں حکم دیا تھا،سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں گلگت بلتستان کی عدلیہ میں بھرتیوں کمیشن بنانے کی ہدایت کی تھی،عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی عدالتوں میں بھرتیاں کی گئیں، حکومت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سپریم اپلیٹ کورٹ کا جج ملک حق نواز کو تعینات کیا،راجا شہباز خان کو چیف الیکشن کمشنر اور وزیر شکیل کو اپلیٹ کورٹ کے جج کی تقرری بھی کی گئی ہے، تینوں اشخاص کی تعیناتی عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف آئین کی شق 203 کے تحت توہین عدالت کی کاروائی کی جائے، درخواست میں وزیر اعظم، وزیر قانون، وزیر امور کشمیر و گلگت سمیت سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔