کالاشاہ کاکو(آن لائن) یو ای ٹی کالاشاہ کاکو کیمپس میں آئیسولیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے ہوسٹل کے تالے توڑ کر طلباء کا سامان کھلے آسمان تلے پھینک دیا، کئی طلباء کی نقدی، لیپ ٹاپ اور قیمتی سائنسی نمونے گم ہونے پر شدید احتجاج، ضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی،ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالاشاہ کاکو کیمپس کے بوائز ہوسٹل میں کرنا وائرس کے مشتبہ مریضوں کیلئے آئسولیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بغیر کوئی نوٹس یا اطلاع دیئے ہوسٹل بی کے تالے توڑ کر 220طلباء کا سامان اٹھا کر کھلے آسمان تلے پھینک دیا ، اطلاع ملنے پر کشمیر ، گلگت بلتستان، سندھ،کے پی کے اور ملک کے دیگر حصوں سے طلباء نیو کیمپس کالاشاہ کاکو پہنچے تو انکا قیمتی ساز و سامان کیمپس کے مختلف حصوں میں بکھرا ہوا پایا ۔ فائنل ایئر کے سٹوڈنٹس عمر فاروق گجر ، عمر فاروق، لیئق الرحمن، اسد الرحمن، ارسلان بٹ و دیگر نے بتایا کہ حکومتی اعلانات کے بعد ابھی گھر پہنچے ہی تھے کہ اطلاع ملی کہ آپکا سامان ہوسٹل سے نکال کر پھینک دیا گیا ہے ۔ طلباء نے ضلعی انتظامیہ کے روایہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ کئی طلباء کے لیپ ٹاپ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لاپتہ ہوگیا ہے جبکہ سائنسی نمونے بھی توڑ دیئے گئے ہیں۔ طلباء نے اعلیٰ حکام سے ذمہ داران کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔