اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پر پھیلانے لگا۔ آج کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان میں بدترین دن رہا ہے صرف آج کے دن 131 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ اس طرح اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی ملک بھر میں مجموعی تعداد 184 ہو گئی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق آج تفتان سے سکھر آنے والے مزید 106، کراچی میں 8، خیبرپختونخوا میں 15 جبکہ
حیدر آباد اور ملتان میں کورونا وائرس کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتے ہوئے 150 تک پہنچ چکی ہے۔ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 119 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے باقی تیس کیسز کراچی اور ایک متاثرہ مریض کا تعلق حیدر آباد سے ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بھی کے پی کے میں پندرہ کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔