پشاور(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات سینیٹرروبینہ خالد نے کہاہے کہ سلیکٹڈوزیراعظم کے دونوں اطراف چینی چوروں اور آٹا چوروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، نیب کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے
اور عمران خان نے انتقامی سیاست کی جو بنیاد رکھ دی ہے وہ ملک و قوم اور ہماری سیاست کیلئے خطرناک ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کروناوائرس کے حوالے سے حکومت نے علاج معالجے اور احتیاطی تدابیر کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے حکومتی سطح پر خوف و ہراس کا پھیلانا کئی سوالات جنم دیتی ہیں، کرونا وباکو پھیلنے سے روکنے اور عوام الناس کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظامات نظر نہیں آرہے عوام پریشان ہیں جبکہ حکومت ابھی تک کئی علاقوں میں اس کی تشخیص اور علاج کے سینٹر بھی نہیں بنا سکی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کا سرمایہ دار ٹولہ ہر مشکل گھڑی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اربوں روپے کمانے کے چکر میں ہوتے ہیں حکومت کو سنجیدہ اور ذمہ دارانہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔روبینہ خالد نے کہا کہ حکمرانوں نے غربت مٹا پالیسی کی بجائے غریب مٹا پالیسی پر عمل پیرا ہو کر غریبوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے انشااللہ مستقبل پیپلزپارٹی کا ہے آئندہ الیکشن میں پی پی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہو کر ایک بار پھر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔