اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ اور پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 18 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 52 تک جا پہنچی ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس کے مزید چار نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
سندھ محکمہ صحت کے مطابق تین مریض کچھ دن قبل سعودی عرب سے واپس آئے تھے جب کہ ایک مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 21 ہو گئی جب کہ دو مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھر جا چکے ہیں۔ امریکہ سے اسلام آباد آنے والی خاتون میں گزشتہ روز وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اب ان کے شوہر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، اس بارے میں پمز حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ میاں بیوی کو پمز کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جس کے بعد ہسپتال میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ اسلام آباد اور کراچی میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے جبکہ دو مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں دس، اسلام آباد میں چار اور گلگت بلتستان میں تین مریض ہیں۔