کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نکاح سے منع نہیں لیکن شادیوں سمیت عوامی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔وزیر اعلی ہاوس میں کورونا وائرس پر ہونے والے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تفتان سے آئے زائرین کے نمونے لیے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ کورونا کا ٹیسٹ مہنگا ہے جبکہ متاثرین کے ٹیسٹ سندھ حکومت کے خرچے پر کئے جارہے ہیں۔ ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ جناح اور سول اسپتال میں کورونا کا ٹیسٹ مفت کیا جارہا ہے۔
نجی لیبارٹری میں اسکریننگ ٹیسٹ کے 2200 روپے اور پی سی آر ٹیسٹ 6000 میں کیا جارہا ہے جبکہ تمام اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈ قائم کئے گئے ہیں۔دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شادیاں، میلے، درگاہیں، شادی ہالز بند کرنے کے لیے چیف سیکریٹری کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت دے دی۔حکومتِ سندھ نے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے قدم اٹھاتے ہوئے کراچی میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے 120 بستروں اور 16 وینٹی لیٹرز پر مشتمل ایک اسپتال مختص کر دیا ہے۔