لنڈی کوتل(این این آئی) طورخم بارڈر پر تعینات صحت اور امیگریشن حکام نے اسکیننگ کے دوران کورونا وائرس جیسی علامات سامنے آنے پر 6 افغان شہریوں کو ملک بدر کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکام نے بتایا کہ افغان شہریوں نے حالیہ عرصے میں نہ صرف چین کا سفر کیا تھا بلکہ انہیں کچھ روز سے صحت کے مسائل بھی لاحق تھے۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی انکوائری اور اسکیننگ کے
بعد تمام افغان شہریوں کو فوری طور پر واپس ان کے وطن بھیج دیا گیا۔اس سے قبل بدھ کو بھی حکام نے ایک افغان شہری محمد کامران کو بخار میں مبتلا ہونے اور سانس لینے میں مسائل کا سامنا کرنے پر واپس افغانستان بھیج دیا تھا۔امیگریشن حکام کے مطابق محمد کامران نے جنوری کے وسط میں چین کا دورہ کیا تھا، اس کے بعد وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ پشاورمیں ایک ماہ تک مقیم رہے تھے۔