اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے سعودی عرب سے فلائٹ آپریشن پچیس مارچ تک جاری رکھنے کی مہلت مانگ لی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن نے سعودی سول ایوی ایشن کو خط لکھا ہے جس میں سعودی عرب سے فلائٹ آپریشن 25 مارچ تک جاری رکھنے کی مہلت مانگی گئی ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ 72 گھنٹوں میں مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانا
ممکن نہیں ہے اس لئے پچیس مارچ تک کی مہلت دی جائے۔ خط کے مطابق 5 ہزار کے قریب پاکستانی سعودی عرب سے واپس آنا چاہتے ہیں اور 5 ہزار پاکستانی اس وقت سعودی عرب جانے کے لیے فلائٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ مسافروں کی اتنی بڑی تعداد کو اپنی اپنی منزل تک پہنچانے کے لئے 72 گھنٹے کم ہیں، اس لئے دونوں ملکوں کے مابین 25 مارچ تک فلائٹ سروس بحال رکھنے کی مہلت دی جائے۔