اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے اقامہ ہولڈرز کو دی جانے والی 72 گھنٹوں کی مہلت ختم ہونے والی ہے، دوسری جانب پاکستان سے سعودی عرب جانے والے افراد شدید اذیت کا شکار ہیں کیونکہ سعودی ائیر لائن کا ٹکٹ ملنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ سعودی ائیر لائن کے دفتر کے باہر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مسافروں کا کہناہے کہ چالیس ہزار روپے والا ٹکٹ 2 لاکھ 80 ہزار روپے میں مل رہا ہے۔ سعودی عرب سے
پاکستان میں چھٹی آئے ہوئے شہری انتہائی پریشان ہیں۔ رات 12 بجے سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہو جائے گی۔ مسافروں نے مزید کہا کہ نہ حکومت پاکستان تعاون کر رہی ہے اور نہ ہی سعودی ائیر لائن کے پاس فلائٹ کے لیے طیارے ہیں، ٹکٹس بھی کنفرم نہیں کی جا رہیں، مسافروں کا کہنا تھا کہ اگر وہ بروقت سعودی عرب نہ پہنچ سکے تو ان کا روزگار چھن جائے گا۔ مسافروں نے حکومت پاکستان سے خصوصی طیارے کے ذریعے سعودی عرب پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔