کراچی(این این آئی) آئی جی جیل خانہ جات سندھ نصرت منگھن نے صوبے بھر کی جیلوں میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا اسپرے کرانے کا حکم دیا ہے۔آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگھن نے کورونا وائرس سے متعلق ہدایت جاری کی ہیں جس میں کہا گیا کہ جیلوں میں تعینات تمام اسٹاف بائیومیٹرک سسٹم کے بجائے رجسٹر پر حاضری لگائیں۔نصرت منگھن کے مطابق
تمام جیلوں میں کئی قیدیوں اور اسٹاف کو ماسک فراہم کر دیئے گئے ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ قیدیوں کی اہلخانہ سے ملاقات پرپابندی نہیں لگا رہے کیونکہ قیدیوں کی ملاقات شیشے کے ذریعے کروائی جاتی ہے جس سے وائرس پھیلنے کا خطرہ نہیں ہے۔نصرت منگھن نے جیلوں میں تمام قیدیوں کو ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانے کی بھی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگھن نے وائرس سے بچاؤ کے لیے صوبے بھر کی جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کی معافی کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے جن میں سے 16 کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔