لاہور (آن لائن) پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی کے تمام ہوسٹل آئندہ چوبیس گھنٹوں میں خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے پیش نظر ہوسٹل میں مقیم طلباء و طالبات کو ہوسٹل کے کمرے کل بروز اتوار تک فوری خالی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ یونیورسٹی کی انتظامیہ کے مطابق ہوسٹلوں کے کمرے خالی ہونے کے بعد ان میں جراثیم کش سپرے کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کو
یونیورسٹی میں حاضر رہنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ہوسٹلوں میں مقیم طلباء اور طالبات کو ریلوے سٹیشن اور لاری اڈہ پر پہنچانے کے لئے یونیورسٹی کی 30 بسیں اور کوچیں بھی فراہم کردی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلروں کو ورچوئل یونیورسٹی کی طرز پر آن لائن سسٹم تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ چھٹیوں میں توسیع کرنا مقصود ہوا تو اساتذہ طلباء کو آن لائن لیکچر فراہم کریں گے۔