کراچی (این این آئی) معروف مذہبی اسکالروجامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاہے کہ حضور ؐ کی اسواہ حسنہ میں تمام مصائب ومشکلات کا حل ہے،کرونا سے بچاؤ کیلئے ظاہری تدابیر کے ساتھ استغفار، آیت کریمہ کا اہتمام کیا جائے،دنیا میں جس رفتار سے فحاشی بڑھ رہی ہے اسی رفتار سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں،حدیث کا مفہوم ہے جس قوم میں فحاشی کا رواج بڑھتا ہے اس قوم میں طاعون جیسی بیماریاں پھیل جاتی ہیں۔
جمعہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں متعتقدین اور علماء کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ پوری دنیا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں شریعت اس طرح کے وبائی امراض میں احتیاطی تدابیر کواپنانے کا درس دینے کے ساتھ اسباب باطنی پر صرف نظر کرنے کا بھی درس دیتی ہے، حدیث میں ہے جب کسی قوم میں فحاشی کا رواج بڑھتا ہے تو اس میں طاعون اور ایسی بیماریاں پھیل جاتی ہیں جن کے نام نہ کسی نے پہلے سنے ہیں اور نہ ہی کوئی مبتلا ہوا ہے کرونا طاعون اور پوری دنیا کیلئے ایک چیلنج بن چکا ہے،انہوں نے کہاکہ جہاں کرونا کے بہت سے ظاہری اسباب ہوسکتے ہیں وہی ایک سب بے حیائی اور فحاشی بھی ہے،دنیا میں جس رفتار سے فحاشی بڑھ رہی ہے اسی رفتار سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں ہر سال ایک نئی بیماری کا سامنا ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ انسان کو بیماری اور نقصان اس کے گناہوں کے سبب پہنچتا ہے، بیماری اور نقصان سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ظاہری تدابیر کے ساتھ گناہوں سے توبہ کی جائے اور آیت کریمہ کا اہتمام کیا جائے۔مفتی محمد نعیم نے ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے ساتھ مساجد میں پنجگانہ نمازوں میں آیت کریمہ کا اہتمام کریں تاکہ اس جان لیوا مرض سے فوری نجات مل جائے بے شک اللہ تعالیٰ ہی ہر بلا ہر پریشانی سے نجات دینے والی ذات ہے۔