کراچی (این این آئی) وزیراعلی کے مشیر قانون مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کورونا وائرس کے معاملے میں متحرک ہے، ائیرپورٹ پر کام کرنا وفاق کا ہے مگر وفاق کام نہیں کررہا تو ہم کریں گے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو ایئر پورٹ پر قرنطینہ کی سہولت فراہم کرنے کا کہا ہے لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ائیر پورٹ کے حوالے سے پر فارمنس بہتر بنانی چاہیے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ ائیر پورٹ پر کام کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری نہیں، ہم رضاکارانہ کام کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت سندھ کا عملہ ائیر پورٹ پر تعینات ہے اور کام کر رہا ہے۔مشیر قانون کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پورے صوبے میں متحرک ہے، صوبے میں کورونا کے دو مریض صحتیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے شکوہ کیا کہ ائیرپورٹ پر کام کرنا وفاق کے ذمہ ہے مگر وفاق کام نہیں کر رہا تو ہم کام کریں گے۔مرتضی وہاب نے بتایا کہ وزیر اعظم گورنر سندھ سے آج ملے ہیں، وزیر اعلی نے بھی وزیر اعظم سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر رابطہ نہیں ہوسکا۔کراچی میں آنے والے مشتبہ کیسز سے متعلق انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات ائیر پورٹ سے 3 افراد کو ڈاؤ اوجھا کیمپس میں منتقل کیا گیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ مجھے میڈیا سے پتا چلا کہ گورنر اور وزیرِاعظم کی ملاقات میں ڈویلپمنٹ پر بات ہوئی۔سندھ میں تعلیمی اداروں کے کھولنے سے متعلق سوال کے جواب میں مرتضی وہاب نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھلنے میں ابھی وقت ہے، بند یا کھلے رکھنے کا جو فیصلہ ہوگا، عوام کو بتایا جائے گا میڈیا بھی چہ مگوئیوں پر دھیان نہ دے۔