کوئٹہ(این این آئی)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات 31 مارچ تک بڑھانے کا اعلان کردیا گیا۔ صوبے کے وزیر تعلیم سردار یار محمد کی جانب سے کہا گیا کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک مزید 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو فیصلے پر عمل درآمد نہیں کریں گے، مذکورہ فیصلہ وزارت صحت سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
صحافیوں سے گفتگو میں انہوںنے کہاکہ میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ مدارس کو بند کرنے سے متعلق بھی بات چیت جاری ہے جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق آئندہ فیصلہ 27 مارچ کو کیا جائے گا۔دوسری جانب بلوچستان پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس نے حکومت کی جانب سے مزید 15 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔اس حوالے سے گروپ کے ترجمان نذر برائچ نے مذکورہ پیش رفت کو ‘یرغمال بنانے’ کا عمل قرار دے دیا۔