اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ ان کی گرفتاری بہت افسوس کی بات ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پتہ نہیں حکومت کو کس بات کی فکر ہے کہ کون سا سچ نکل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو زنجیروں میں جکڑا جارہا ہے، میر شکیل الرحمان کی گرفتاری سے سچ نہیں رکے گا۔ دوسری جانب مریم نوازنے کہا کہ میرا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ جب مجھے پارٹی ہدایت کرے گی کہ آگے آکر رول کروں تو پیچھے نہیں ہٹوں گی۔
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ بیرون ملک بھیجنے کا معاملہ عدالت کے پاس ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ میں بھی نواز شریف کی اولاد ہوں، میرا بھی دل کرتا ہے کہ ان سے ملاقات کروں۔ان کا کہنا تھا میری خاموش کی بہت ساری وجوہات ہو سکتی ہیں۔ آج بولوں گی تو کیا مجھے دکھایا جائے گا؟ مجھ پر پابندی ہے۔ میڈیا جو دکھانا چاہتا ہے، وہ نہیں دکھا سکتا۔مریم نواز نے کہا کہ میرے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، ان کے دل کی شریان اسی سے نوے فیصد بند ہے، انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے یہ کبھی نہیں کہا کہ وہ میرے بغیر علاج نہیں کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والد سے میری ملاقات کی خواہش جائزہے لیکن میرے معاملہ عدالت میں ہے اگر مجھے اجازت مل گئی تو ٹھیک ورنہ میں نے میاں نواز شریف سے کہہ دیا ہے کہ وہ اپنا علاج کرائیں۔ انہوں نے اپنی خاموشی کی وجہ اپنے والد کی خراب صحت کو قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے والد صاحب کی صحت کے ساتھ پاکستان کی بھی فکر ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ڈرا، دھمکا کر میرے عزم کو کمزورکرلے گا تو وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب مجھے پارٹی کی جانب سے رول ادا کرنے کی ہدایات جاری ہوں گی تو مجھے آپ پیچھے نہیں دیکھیں گے۔