اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کی مقامی عدالت نے شہباز تتلہ کیس میں گزشتہ روز سرینڈر کرنے والے سابق سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مفخر عدیل کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاہے۔ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیال رہے کہ گزشتہ روز مفخر عدیل نے ایڈووکیٹ شہباز تتلہ کے قتل میں ملوث ہونے پر لاہور پولیس کے آگے سرینڈر کردیا تھا۔
ایک ماہ سے ’’پراسرار گمشدگی‘‘ کے بعد گزشتہ رات تحقیقاتی پولیس نے مفخر عدیل کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر کی تھی۔آج عدالت میں پیشی کے دوران پولیس نے ملزم کے حوالے سے اہم انکشافات کیے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی مفخر عدیل نے شہباز تتلہ کی لاش کی جگہ کی نشاندہی کردی ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے شریک ملزم اسد بھٹی کی معاونت سے شہباز تتلہ کو قتل کیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے تیزاب کا ڈرم پھینکے کی جگہ کی بھی نشاندہی کردی ہے۔انہوں نے موقف اپنایا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ہے اور ملزم کے بیان کی تصدیق کرنا اور لاش بھی بر آمد کرنی ہے، تفتیش مکمل کرنے کے لیے 14 روز کا ریمانڈ دیا جائے۔عدالت میں مجسٹریٹ نے مفخر عدیل سے سوال کیا کہ ‘آپ کی طرف سے کوئی وکیل ہے؟ جس پر ملزم نے جواب دیا کہ ‘میرا کوئی وکیل نہیں۔بعد ازاں عدالت نے ایس ایس پی مفخر عدیل کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔