راولپنڈی(آن لائن)تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو میں سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داری ایکٹ کے تحت حراست میں لئے گئے شخص پر مبینہ تشدد کی وجہ سے اس کی والدہ جاں بحق ہو گئی خاتون کی موت پر اہلیان علاقہ نے مشتعل مظاہرین نے تھانہ گنجمنڈی اورتھانہ رتہ امرال کا گھیرائو کرلیا اورٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کر نے کے ساتھ میت سڑک پر رکھ کر زبردست احتجاج کیا اور راولپنڈی پولیس مردہ باد اور پولیس گردی نامنظور کے نعرے لگائے متوفیہ کے لواحقین کے مطابق پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر اسماعیل نامی شخص کو حراست میں لیا
پولیس اسماعیل پر تشدد کرتے ہوئے لیجارہی تھی جس پر اس کی والدہ فیروزہ بی بی اپنے بیٹے کو بچانے کے لئے بھاگی تودھکم پیل میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی جس پر لواحقین اور اہلیان علاقہ مشتعل ہو گئے اور فیروزہ بی بی کی لاش لے کر تھانہ رتہ امرال پہنچ گئے جہاں پر اہل علاقہ نے ٹائر جلاکر سڑک بلاک کر دی لواحقین کا موقف تھا کہ پولیس کو اگر کوائف چاہئے تھے تو تشدد کیوں کیا گیاشہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لے کر پولیس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔