لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار سے ملنے والے لیگی ارکان کو پارٹی میں نہیں رکھنا چاہیے۔ وفاداریاں تبدیل کرنے والے حقیقت میں لوٹے ہیں۔عمران خان خود سب سے بڑے لوٹے ہیں۔عمران خان خود تحریک استقلال سے نکل کے دوسری پارٹی میں آئے۔وزیراعلیٰ سے ملنے والے لیگی ارکان کیخلاف پارٹی قیادت کو ایکشن لینا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے
گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا یہ وہی لوگ ہیں جو پہلے بھی عمران خان سے مل چکے ہیں۔عثمان بزدار سے ملنے والے لوگ حقیقت میں مسلم لیگ ن کے لوگ نہیں ہیں۔ایسے لوگوں کو زبردستی ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔پارٹی قیادت کے متعلق باتیں کرنے والے پہلے استعفے دیں اور اپنے حلقوں میں جائیں اور شیر کے نشان کے بغیر جیت کر آئیں۔لوٹے کو تمام لوٹے ہی نظر آتے ہیں۔نوازشریف اور شہباز شریف کی اپنی سیاسی جماعت ہے۔