پشاور ( آن لائن ) تحریک انصاف کے رہنما داور کنڈی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام اورداور کنڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جس میں داور کنڈی نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے داور کنڈی نے کہا کہ میں امیر مقام کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن میں کام کریں گے۔ جس پر رہنما مسلم لیگ امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت پر داور کنڈی کو خوش آمدید کہتا ہوں۔داور کنڈی تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ اس سے قبل داور کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کے فاؤنڈر گروپ میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔علی نواز گنڈا پور کے خلاف شکایت کرنے پر پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔ یہ با ت بھی قابل غور ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2017 میں داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ داور کنڈی ایک سال سے پہلے ہی پارٹی کیخلاف بیانات دے رہا ہے۔ داور کنڈی پارٹی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہا اگر کسی رہنما کو کوئی مسئلہ ہوتا ہے وہ جماعت کے اجلاس میں بات کرتا ہے تاہم داور کنڈی پارٹی کی پالیسی کے مخالف میڈیا کے ذریعے سے الزام تراشی کررہے ہیں۔واضح رہے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن میں سیاست کے لئے جوڑ تور جاری ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی نشاط ڈاہا نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو کھری کھری سنا دیں، انہوں نے کہا کہ نوازشریف سمیت تمام پارٹی رہنماء لوٹے ہیں، حمزہ شہبازمجھے پارٹی سے نکال سکتے تو نکال دیں، لیکن ان میں اتنی جرات نہیں، وزیراعلیٰ سے بہت سے لوگ ملاقات کررہے ہیں ان کو پتا ہی نہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد ن لیگ کے سینئر رہنماء حمزہ شہبازکے سخت ردعمل کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ابھی تک مسلم لیگ ن میں ہوں، حمزہ شہباز اگر نکال سکتے ہیں تو نکال دیں۔