اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر میرے نام سے منسلک کی گئی 3000 زائرین کو پاکستان لانے کی خبر سراسر بے بنیاد ہے۔ ایک بیان میں زلفی بخاری نے کہاکہ تفتان بارڈر پر افواج اور مقامی صوبائی انتظامیہ چیک رکھتی ہے، تفتان بارڈر ہو یا چین بارڈر، حکومت پاکستان کی پالیسی بڑی واضح ہے۔زلفی بخاری نے کہاکہ ہماری پالیسی تو پاکستان کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچانا ہے، دوسرے ممالک کی نسبت
حکومت پاکستان کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کافی حد تک کامیاب ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ میرا تعلق چین میں پھنسے پاکستانی طلباء کی امداد سے ہے، او پی ایف بورڈ سے دو کروڑ کے فنڈ منظور کروا کر چین میں پاکستانی طلبہ کو کھانا بھیج رہے ہیں۔زلفی بخاری نے کہاکہ چین میں مقیم 1300 پاکستانی طلباء کو راشن کی فراہمی کی مکمل لسٹ وزارت خارجہ سے منگوائی ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ طلبہ کے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔