اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں کورونا کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 جبکہ ملک بھر میں تعداد 8 ہوگئی ہے۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 53 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ کراچی کے ضلع شرقی کا رہائشی ہے۔ترجمان کے مطابق متاثرہ شخص شام سے دوحہ اور پھر پاکستان پہنچا ہے، متاثرہ شخص کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ
سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے اور یہ تمام کیسز شہر کراچی میں سامنے آئے ہیں جبکہ ان مریضوں میں سے ایک شخص یحییٰ جعفری صحتیاب ہوکر گھر منتقل ہوچکا ہے۔خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے 8 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 5، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ان مریضوں میں سے سب سے پہلے سامنے آنے والے کراچی کے یحییٰ جعفری نامی نوجوان کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ باقی تمام متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔