ہنگو( آن لائن ) ضلع ہنگو میں بڑی سیاسی تبدیلی کا امکا ن، پی ٹی آئی کی جے یو آئی ضلع ہنگو کے اہم رہنماوں سے بیک ڈور پررابطے شروع ،جے یو آئی کے اہم سیاسی خاندان کی سیاسی وفاداریاں تبدیلی میں مرکزی اور صوبائی رہنماء متحرک ۔جے یو آئی رہنماوںکی شمولیت پر پی ٹی آئی کے چند ضلعی عہدیداران ناراض ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں ایک طرف بلدیاتی انتخابات دور دور تک نظر نہیں آرہے جبکہ دوسری جانب انتخابات کے لئے سیاسی رہنمائوں نے کوششیں تیز کر دی ہے ،مصدقہ زرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی اور صوبائی رہنمائوں نے جے یو آئی ضلع ہنگو کے ایک سیاسی خاندان کے دو اہم رہنمائوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر آمادہ کرنے کے لئے رابطے شروع کر دی ہے تا ہم ابھی تک پی ٹی آئی رہنماء اپنی کوششوں میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔زرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ایک وفاقی وزیر اوروزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے ایک معاون خصوصی اس معاملے میں سرگرم عمل ہے ۔پی ٹی آئی ضلع ہنگو کے اہم عہدیداران نے اس تمام معاملے سے دور رکھنے پر اپنی پارٹی کی صوبائی قیادت سے ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے ۔دوسری جانب جمعیت علماء اسلام ضلع ہنگوکے اہم سیاسی خاندان کے رہنماوں سے رابطہ کیا گیا جس پرانہوں نے لا علمی کا اظہار کیا اورکہا کہ سیاسی رہنمائوں کو کسی بھی مخالف سیاسی پارٹی کی جانب سے شمولیت کی دعوت دی جاتی ہیں جو کہ ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے تا ہم اس طرح کی کوئی سیاسی وفاداری کی تبدیلی کا امکان موجود نہیں ہے۔