لاہور( این این آئی)21کروڑ 95لاکھ سے زائد آبادی کے ساتھ پاکستان دنیا کا پانچواں گنجان آباد ملک بن گیا ۔ عالمی ادارے ورلڈ میٹرز کے مطابق پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح یہی رہی تو اگلے دس برسوں میں پاکستان کی آبادی 30 کروڑ سے بڑھ سکتی ہے۔اس وقت دنیا کی آبادی 7ارب 80 کروڑ سے بڑھ چکی ہے اور اس میں دو فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔
چین ایک ارب 43 کروڑ آبادی کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ گنجان آباد ملک ہے۔ایک ارب 37 کروڑ افراد سے زائد آبادی کے ساتھ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔دنیا کی مجموعی آبادی میں ایشیا ء کا تناسب چار ارب 64 کروڑ ہے، افریقہ میں بسنے والوں کی آبادی ایک ارب 34 کروڑ اور یورپی شہریوں کی تعداد 74 کروڑ سے زیادہ ہے۔ورلڈ میٹرز کے مطابق دنیا بھر کی آبادی میں عیسائیوں کا تناسب 31.5 فیصد اور مسلم آبادی کا تناسب 23.2 فیصد ہے۔اعدادو شمار کے مطابق 1960 میں دنیا کی آبادی 3 ارب تھی جس کے بعد اس میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ورلڈ میٹرز کا کہنا ہے کہ آبادی بڑھنے کا یہی تناسب رہا تو 2057 میں دنیا کی آبادی 10ارب ہو جائے گی۔