اسلام آباد (این این آئی) وزارت مذہبی امورنے واضح کیا ہے کہ ختم نبوتؐکا کالم حلف نامہ حج فارم میں پہلے دن سے موجود ہے،منکرختم رسالتؐ کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا گیا ہے،اب تک تقریبا ایک لاکھ سے زائد درخواستیں بینکوں میں موصول ہو چکی ہیں،تمام درخواستوں میں حلف نامہ موجود ہے۔ بدھ کو جاری بیان میں کہاگیاکہ وزارتِ مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی بلا تحقیق پھیلائی جانے
والی خبروں کی سختی سے تردید کرتی ہے اور عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ختم نبوتؐکا کالم حلف نامہ حج فارم میں پہلے دن سے موجود ہے جو کہ حج درخواست دہندہ کے کوائف کو کمپیوٹر میں اندراج کرنے کے بعد پرنٹ کیا جاتا ہے اور درخواست دہندہ اس پرنٹ شدہ حج فارم کی رسید اور حلف نامہ پر دستخط کرتا ہے اس رسید پر بینک کے دو افسران کے دستخط بھی موجود ہیں کیونکہ سعودی عرب نے اب“ ای۔ویزہ ”کر دیا ہے جس کی وجہ سے وزارت نیحج کا فارم آن لائن کر دیا ہے لہٰذا یہ تاثر کہ حلف نامہ کو حج فارم سے نکال دیا گیا ہے قطعی غلط اور بے بنیادہے بلکہ وزارت نے اس سال حلف نامہ کو مزید بہتر کر دیا ہے اور اردو زبان میں شامل کرایا گیا ہے جس سے منکرختم رسالتؐ کا راستہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا گیا ہے اب تک تقریبا ایک لاکھ سے زائد درخواستیں بینکوں میں موصول ہو چکی ہیں اورتمام درخواستوں میں حلف نامہ موجود ہے اور تمام درخواست گزاروں کے دستخط بھی موجود ہیں۔