اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عابد شیرعلی کو لندن میں ایک منعقدہ تقریب کے دوران خفت کا سامنا کرنا پڑ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگی ن کے سینئر رہنما کو کمیونٹی ایوارڈ تقریب میں شدید نعرے بازی کا سامنا کرنا پڑ ا ، تقریب بدمزگی کا شکار ہو گئی ، ایک شخص نے ن لیگی رہنما کو چور قرار دے کر ایوار ڈ لینے سے صاف انکار کر دیا ہے ۔ لندن کے ایک مقامی ہوٹل میں کمیونٹی ایوارڈ کی ایک تقریب میں عابد شیرعلی کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی گئی تھی۔ تقریب کے دوران ایوارڈ دینے کا سلسلہ چلا تو
عابد علی کواسٹیج پرایوارڈ دینے کیلئے بلایا گیا، اس دوران ایک شخص نے عابدشیر علی سے ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا اور شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ میں ہر گز یہ ایوارڈ چوروں سے نہیں لوں گا ۔ جس کے بعد ہال میں شور اور تالیوں سے گونج اٹھا ، تقریب سے مختصر خطاب کرنے کے فوراً بعد عابد شیر علی چلے گئے جبکہ تقریب کے آرگنائزرز نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ نعرے بازی کرنے والوں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف کی پارٹی سے ہے جو ماحول کو خراب کرنے کیلئے وہاں پر آئے تھے ۔