کراچی (این این آئی) شہر قائد کے شہریوں کے لیے سبزی اور پھلوں کی سرکاری قیمت پر فروخت کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے مہنگائی کے خلاف نئی حکمت عملی کے تحت سبزی و فروٹ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور عوام کو مناسب داموں پر گھروں تک سبزی و فروٹ کی فراہمی کے لیے اس سروس کا آغاز کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس سروس کے تحت نجی کمپنیز کراچی میں آن لائن سبزی اور پھل گھر گھر پہنچائیں گی۔
کراچی پرائس لسٹ، ایپ کے ذریعے کراچی کے شہری پھل، سبزیاں اور گوشت سمیت روزمرہ کے استعمال کی مختلف اشیا کو سرکاری قیمتوں پر حاصل کرسکیں گے۔صارفین اس ایپلی کیشن کو باآسانی پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ اس ایپ میں اردو، انگریزی اور سندھی زبان کا بھی آپشن دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے شہریوں کے لیے سبزی اور پھلوں کی سرکاری قیمت پر فروخت کے لیے آن لائن سروس کا آغاز کیا گیا تھا۔