اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے میاں نواز شریف کو ضمانت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے پر میاں نواز شریف نے بھی حتمی فیصلہ کر لیا۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ میری بیماری پر سیاست کی جا رہی ہے،
انہوں نے کہا کہ عدالت کے حکم پر لندن علاج کے لئے آیا ہوں اور عدالتی حکم پر ہی وطن واپس آ جاؤں گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس سے قبل بھی پانامہ کیس میں عدالت پیش ہوا اپنی بیماری بیوی کو چھوڑ کر جیل کاٹی، اب بھی عدالتی فیصلے کا احترام کروں گا۔ میاں شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان ایون فیلڈ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں میاں نواز شریف نے اپنے فیصلے سے شہباز شریف کے علاوہ خاندان کے دیگر افراد کو بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کو بتایا کہ پنجاب حکومت کے فیصلے کے حوالے سے ایک بار پھر عدالت سے رجوع کریں گے۔ شریف خاندان کے قریبی ذرائع نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کی، جس میں کہا گیاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمانت میں توسیع نہ دینے کے فیصلے پر میاں نواز شریف نے افسوس کا اظہار کیا ہے، دوسری جانب شریف خاندان نے میاں نواز شریف کے وطن واپسی کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔