کراچی(این این آئی) پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 21 فیصد تک گر گیا، خام تیل کے درآمدی بل میں بھی 23 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔رواں مالی سال کے پہلے سات مہینوں میں پاکستان کا پیٹرولیم گروپ کا درآمدی بل 17.91 فیصد کمی سے 7 ارب 13کروڑ ڈالر رہا جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 21.83 فیصد گر گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے سات مہینوں میں پٹرولیم گروپ کی مد میں 7 ارب 13 کروڑ ڈالر کی درآمدات ہوئیں جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 8 ارب 68 کروڑ ڈالر تھیں۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے جنوری تک پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 3 ارب ایک کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال اس عرصے میں 3 ارب 85 کروڑ ڈالر تھا۔ رواں مالی سال سات ماہ میں خام تیل کی درآمدات 2 ارب 8 کروڑ ڈالر رہیں جب کہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کا خام تیل درآمد کیا گیا تھا۔ایسے ہی رواں مالی سال کے سات ماہ میں ایک ارب 85کروڑ ڈالر کی ایل این جی درآمد ہوئی جو گزشتہ سال اس عرصے میں ایک ارب 97کروڑ ڈالر درآمد ہوئی تھی۔جولائی سے ستمبر تک 18کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی ایل پی جی درآمد کی گئی جب کہ گزشتہ سال سات ماہ میں 15کروڑ 26 لاکھ ڈالر کی ایل پی جی درآمد ہوئی تھی۔