آٹھ مقام(آن لائن) اندھیر نگری چوپٹ راج، ضلعی انتظامیہ کی گراں فروشوں سے ملی بھگت، ریڑھیوں اور گاڑیوں پر سستی تازہ سبزیوں اورفروٹ کی فروخت پر پابندی لگا دی، عوام نے اس پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکواٹر آٹھمقام کنڈل شاہی،
جورا، شاردہ، کیل میں ریڑھیوں پر اور گاڑیوں پر پنڈی اور مانسہرہ سے تازہ اور سستی سبزیاں فروٹ عوام کو فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دیا ہے۔ ان ریڑھیوں اور گاڑیوں پر ٹماٹر 42 روپے کلو اور فروٹ میں کینو 50 روپے درجن جبکہ کیلا 60 روپے درجن فروخت کیا جا رہا تھا لیکن گراں فروشوں کی ملی بھگت سے ضلعی انتظامیہ آٹھمقام نے سستی اور تازہ سبزیاں فروٹ فروخت کرنے والی گاڑیوں اور ریڑھیوں پر سبزیوں اور فروٹ کی فروخت پر پابندی لگاتے ہوئے دفعہ 144 لگا دیا ہے۔ بازاروں میں دکانوں اور منڈی میں سبزیاں اور فروٹ باسی ہونے کے باوجود دوگنا نرخوں پر فروخت کئے جا رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کا چچا جس نے سبزی منڈی کھول رکھی ہے چچا کو فائدہ دینے کے لئے ایڈمنسٹریٹر کی ایما ء پر تازہ اور سستی سبزیوں اور فروٹ کی فروخت پر پابندی لگائی گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔