کراچی(این این آئی) سندھ کابینہ نے گندم چوری کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے گندم بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔بدھ کووزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں گندم کی خریداری سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 لاکھ ٹن گندم پاسکو سے خرید چکے ہیں، آٹے کی قیمت 55سے 56 روپے کلو ہوگئی تھی جو اب نیچے آگئی ہے، مارکیٹ میں فائن آٹا 47روپے کلو اور ڈھائی نمبر آٹا 43 روپے کلو ہے۔کابینہ میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ نے گندم سپورٹ پرائس1365روپے فی کلو
مقرر کی تھی تاہم وفاقی کابینہ گندم سپورٹ پرائس پر نظرثانی کر رہی ہے اس لیے وفاق سے پرائس فکس ہونے کے بعد اپنے نرخ مقر کریں گے۔اجلاس میں گندم کی ایک سے دوسرے ضلع منتقلی کیلئے بیگ پر کوڈ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 15.410ارب روپے کی 1.4 ملین ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی۔وزیراعلی نے کہا کہ خریدی گئی گندم کسی صورت خراب نہیں ہونی چاہیے، پروکیورمنٹ سینٹرز پر ان افسران کو رکھا جائے جن پر کوئی کیس نہ ہو جب کہ سب کمیٹی کوہدایت کی وہ باردانے کی تقسیم کا میکنزم بنائے۔