اسلام آباد (آن لائن) پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عدالت عالیہ کے ججز پر الزامات لگانے کے عمل پر اٹارنی جنرل سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کی طرف سے جاری کیے گے اعلامیہ میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل حکومت کے کہنے پر عدلیہ کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں, اٹارنی جنرل عدالت سے تحریری معافی مانگنے کے ساتھ عہدے سے استعفیٰ دیں حکومتی اقدامات کے ماسٹر مائنڈ فروغ نسیم ہیں جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن
نے اپنے جاری اعلامیہ میں اٹارنی جنرل کے ججز پر الزامات کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے اٹارنی جنرل سے غیر مشروط معافی مانگنے اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ملک کے اعلیٰ ترین لاء افسر نے عدالت پر بغیر دستاویزی ثبوت کے الزامات عائد کئے۔ سپریم کورٹ بار کے مطابق معافی نہ مانگنے کی صورت میں اٹارنی جنرل اور وزیر قانون کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جائے گی۔