لاہور(این این آئی) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی جس میں ان کی کورونری انجیو گرافی جلد از جلد کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔نواز شریف کی 12 بارہ فروری کو معائنے کے بعد تیار کی گئی دو صفحات پر مشتمل مصدقہ رپورٹ امجد پرویز ایڈووکیٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی اگر کورونری انجیو گرافی نہ کرائی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔ نواز شریف کے دل کو خون کی روانی تسلسل سے نہیں ہو رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے غیر متوازن پلیٹ لیٹس کی وجہ سے ان کی حالت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔نوازشریف کے طبی معائنہ کیلئے کنسلٹنٹ ہماٹالوجسٹ ڈاکٹر کاظمی سے 24فروری کا وقت لیا گیا ہے۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ نوازشریف کو علاج کے لیے برطانیہ میں طبی ماہرین کی زیر نگرانی رہنا چاہیے۔خیال رہے کہ 6 فروری کو سابق وزیر اعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل ہونے پر پنجاب حکومت نے اعتراضات اٹھا دئیے تھے۔نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے حوالے سے نئی میڈیکل رپورٹس پنجاب حکومت کے پاس جمع کرائی گئی تھیں تاہم ڈاکٹرز نے میڈیکل رپورٹس کو نامکمل قرار دے دیا تھا۔