اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے دوستی کی نئی مثال قائم کر دی۔ پاکستان اور ترک کمپنی کارکے کے درمیان رینٹل پاور پلانٹس کا تنازع، حکومت نے کارکے کمپنی کو واجب الادا 19 کروڑ روپے معاف کر دیے ہیں، ضبط شدہ چار بحری جہاز بھی کارکے کمپنی کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر کے پاکستان دورے کے موقع پر وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گزشتہ پانچ سال سے چلتے ہوئے کارکے رینٹل پاور پلانٹس کے تنازعے کو حل کر دیا ہے، اس کمپنی کے ذمہ جرمانے کی مد میں یہ رقم واجب الادا تھی جو وفاقی حکومت نے معاف کر دی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ چار بحری جہاز جو گزشتہ پانچ سال سے حکومت پاکستان کی تحویل میں تھے وہ بھی پاکستان کی جانب سے ریلیز کر دیے گئے ہیں تاکہ یہ معاملے مستقل طور پر ختم ہو سکے۔ اس کمپنی نے کراچی میں بحری جہاز پر 200 میگاواٹ کا پلانٹ تعمیر کیا تھا تاہم سپریم کورٹ کے فیصلے اور نیب کی تحقیقات کے باعث یہ کنٹریکٹ ختم کر دیا گیا تھا، اس کمپنی نے اس کے بعد عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا اور پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہرجانہ کا کیس کیا گیا تھا تاہم پاکستان نے اس کو غلط ثابت کیا۔ لیکن ترک صدر کی مداخلت کی وجہ سے عدالت کے باہر ہی معاملات طے ہو گئے اور اس طرح پاکستان کو جرمانہ معاف بھی معاف ہو چکا ہے اور پاکستان نے بھی اس کمپنی کے ذمہ واجب الادا رقم معاف کر دی ہے۔